کاروار :28؍ مارچ (ایس اؤ نیوز) ملک کے مغربی ساحل کے اہم ریلوے منصوبہ جات میں سے ایک کونکن ریلوے کی لائن مکمل طورپر الکٹرک لائن میں منتقل ہوگئی ہے۔اگلے چند ہی دنوں میں ممبئی کے روہا سے منگلورو کے تھوکور تک کونکن ریلوے کی الکٹرک ٹرین دوڑے گی۔ اس بات کی اطلاع کونکن ریلوےنگم کے ریجنل مینجر بی بی نکم نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ کونکن ریلوے لائن کو الکٹرک لائن میں منتقل کرنے کاکام 2017سے شروع ہواتھا اور ڈسمبر 2021کو مکمل ہونا تھا۔ لیکن کورونا اور سیلاب کی وجوہات کی بنا پر کام میں تاخیر ہوئی۔ مرحلہ وار منصوبے پر عمل آوری ہوتی رہی اور اب 24مارچ کو الکٹرک لائن کا کام تکمیل کو پہنچا ۔
مہاراشٹرا کے رتناگری سے گوا کے تھیویم کے درمیان 194کلومیٹر لائن الکٹرک لائن میں منتقل کی گئی ہے اور اس کی تجرباتی دوڑ بھی کامیاب ہوچکی ہے۔ اس طرح کونکن ریلوےکی پوری لائن الکٹرک لائن بن گئی ہے ۔ 2021کے مارچ میں منگلورو کے تھوکور سے اُڈپی ضلع کے بیجور تک قریب 105کلومیٹر لمبی الکٹرک لائن کاکام پورا ہواتھا۔ متعلقہ لائن پر پہلی مرتبہ الکٹرک لوکو ٹرین کی دوڑ بھی کامیاب ہوئی تھی۔
اترکنڑا ضلع کے پانچ تعلقہ جات سے گزرنے والی کونکن ریلوے لائن کا الکٹرک لائن میں منتقلی کاکام بھی اسی دوران مکمل ہواتھا۔ 7 مارچ کو ہی توکورو سے کاروار تک تجرباتی طورپردوڑائی گئی الکٹرک ٹرین بھی کامیابی کے ساتھ اپنا راستہ طئے کی تھی۔ رواں سال کے جنوری میں کاروارسے گوا کے ویرنا تک یعنی 116کلومیٹر لائن پر الکٹرک کاکام تکمیل کو پہنچا تھا۔
بچت کی سہولت:کونکن ریلوےنگم کے ریجنل مینجر بی بی نکم نے اس سلسلےمیں بات کرتےہوئے جانکاری دی کہ کونکن ریلوے لائن کو الکٹرک لائن میں منتقل کئےجانے سے ڈیزل کی خریداری اور دیگر اخراجات میں بھاری بچت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ 2017 میں تشکیل دئیے گئے تفصیلی منصوبے کے تحت کونکن ریلوے لائن جب مکمل طورپر الکٹرک لائن میں منتقل ہوجائے گی تو ڈیزل پر سالانہ 180کروڑر وپئے اور نگرانی میں 100سے 120کروڑ روپئے کی بچت کا تخمینہ لگایاگیا ہے۔ ٹرین کی رفتار پر بات کرتےہوئے انہوں نے کہاکہ الکٹرک ٹرین ہونے سے رفتار میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ البتہ اس سے آلودگی نہیں کے برابر ہوگی۔
کونکن ریلوے؛ اعداد و شمارت : ریلوے لائن کو مکمل طورپر الکٹرک لائن میں منتقل کرنے کےلئے 1287کروڑر وپئے کی لاگت آئے گی۔ الکٹرک کاکام 2017میں شروع ہواتھا۔ کونکن ریلوے لائن کی لمبائی 756کلومیٹر ہے۔ اس لائن پر زیادہ سے زیادہ 120 کی رفتار سے ٹرین دوڑسکتی ہے۔ اس لائن پر کل 69اسٹیشن ہیں۔